کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے مرکزی بینک (سٹیٹ بینک) نے پانچ ہزار کے نوٹ کی بندش کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
سٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے ان خبروں کے جواب میں کہا گیا ہے کہ 5 ہزار کا نوٹ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ایسی خبریں بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے پانچ ہزار کے نوٹوں کی بندش کی جائے گی کیونکہ اس سے قبل 40 ہزار کے پرائز بانڈز کی فروخت بھی بند کی جا چکی ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق 40 ہزار کے غیر رجسٹرڈ اور پرانے پرائز بانڈز 31 مارچ 2020ء کےبعد کیش ہوں گے نہ رجسٹرڈ جبکہ اب ان کی کوئی قرعہ اندازی بھی نہیں ہوگی۔
31 مارچ 2020ء تک سٹیٹ بینک اور 6 کمرشل بینکوں سے 40 ہزار کے بانڈز پریمیم پرائز بانڈز میں رجسٹر کرا سکیں گے اور اگر کیش کرانا ہو تو فارم بھر کر بانڈز کے مالک کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کی جاسکے گی۔