فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی غفلت کے باعث گاڑیوں کی رجسٹریشن کاپیوں اور نمبر پلیٹوں کے حصول میں سائلین کو کئی کئی سال انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام مسائل کے حل میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی غفلت اور لاپرواہی شہریوں کے گلے کا پھندہ بن گئی۔ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے وقت نمبر پلیٹوں کی فیس تو وصول کی جاتی ہے مگر نمبر پلیٹیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ رجسٹریشن کاپیاں بھی 3 سال کی تاخیر سے فراہم کی جارہی ہیں۔اصل رجسٹریشن کاپی اور نمبر پلیٹیں نہ ہونے سے شہریوں اور ٹریفک وارڈنز میں جھگڑے بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن احمد سعید کہتے ہیں کہ نمبر پلیٹیں بنانے کا ٹھیکہ کرنا اور سائلین کو انکی فراہمی یقینی بنانا ہیڈ آفس کی ذمہ داری ہے، حکام کو مسائل سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جلد معاملات روٹین میں آجائیں گے۔
ذرائع سے اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ تین سالوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی فیسیں تو وصول کی جاچکی ہیں مگر تاحال کسی بھی کمپنی سے نمبر پلیٹیں بنانے کا ٹھیکہ تک نہ ہوسکا ہے جو کہ حکام کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔