لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز زبردست تیزی کا تسلسل جاری ہے، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس میں مزید 581.38 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ 9 ماہ کے وقفے کے بعد 39000 کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے، تیزی کے باعث آج کاروبار کے دوران آغاز سے ہی انویسٹرز متحرک نظر آئے اور ٹریڈنگ کرتے رہے، تیزی کے باعث 100 انڈیکس کی پانچ حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 38800، 38900، 39000، 39100، 39200 کی حدیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی زبردست تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 583.55 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 38706.27 پوائنٹس کی سطح پر جا کر بند ہوا تھا، تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی 6 حدیں بحال ہو گئی تھیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 38200، 38300، 38400، 38500، 38600، 38700 کی حدیں شامل تھیں۔ دو روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کی گیارہ حدیں بحال ہوئیں۔
آج پورے کاروباری روز کاروبار میں 1.48 فیصد بہتری دیکھی گئی، ایک موقع پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 39452.76 پوائنٹس کی سطح پر بھی پہنچ گیا تھا، تاہم یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 581.38 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 39287.65 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران 26 کروڑ 17 لاکھ 43 ہزار 210 شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں 109 ارب سے زائد کا فائدہ ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جاری سیاسی غیر یقینی کے اثرات کے خاتمے، عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان کو فنڈز کی بحالی، شرح سود کے حوالے سے عالمی اداروں کی خبروں اور عدالت عالیہ میں چلنے والے آرمی چیف کے کیس کا خوش اسلوبی سے اختتام کے بعد انویسٹرز دھڑا دھڑا سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ بلندیوں کی طرف گامزن ہے، سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس گزشتہ ماہ کے دوران 13 فیصد بڑھ گیا ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔