کراچی: (دنیا نیوز) روپے کی قدر میں کمی کے باعث ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں 1 ارب 17 کروڑ ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئیں۔
نومبر میں ٹیکسٹائل برآمدات 7 فیصد اضافے سے 1 ارب 17 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گذشتہ سال نومبر میں 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئیں تھیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے نومبر 2019 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 5 فیصد اضافے سے 5 ارب 76 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 5 ارب 50 کروڑ ڈالر تھیں۔
پانچ ماہ میں نٹ ویئر کی برآمدات 9 فیصد اضافے سے 1 ارب 32 کروڑ ڈالر جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 13 فیصد اضافے سے 1 ارب 15 کروڑ ڈالر رہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کم ہونے سے ٹیکسٹائل مصنوعات سستی ہوگئی ہیں، یہی وجہ ہے کہ برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔