غیر یقینی صورتحال، سٹاک مارکیٹ میں 164.95پوائنٹس کی مندی

Last Updated On 18 December,2019 04:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک میں غیر یقینی صورتحال کے باعث مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث ایک مرتبہ پھر 41700 کی حد گر گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز غیر یقینی صورتحال نے ڈیرے ڈال دیئے جس کے بعد ایک مرتبہ پھر تیزی کی طرف جانے والی حصص مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے، مارکیٹ کا 100 انڈیکس 164.95 پوائنٹس گر گیا ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، ایک موقع پر انڈیکس 42 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا تاہم تیزی کا یہ رحجان عدالتی فیصلے کے بعد گراوٹ میں بدل گیا اور کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 123.78 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 41768.66 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

آج کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، کاروبار کے اوائل گھنٹوں کے دوران تیزی دیکھی گئی تھی، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 41920.62 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم غیر یقینی صورتحال کے باعث انویسٹرز نے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کیا۔

انویسٹرز کے اس فیصلے کے بعد ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41389.60 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا، تاہم اس دوران دوبارہ تیزی لوٹ کر آئی۔ کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 164.95 پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد 41603.71 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.4 فیصد تنزلی دیکھی گئی جبکہ 18 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 290 شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 10 ارب 31 کروڑ 9 کروڑ 47 لاکھ 296 روپے کا کاروبار ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث مندی آئی ہے، عدالتی فیصلے کے بعد ملکی اور غیر ملکی انویسٹرز سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں۔