کراچی: (دنیا نیوز) زائد شرح سود اور ڈالر کی قیمت بڑھنے سے عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر ہو گئی۔ صنعتی پیداوار میں مسلسل گیارہوں ماہ بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال جولائی سے اکتوبر کے دوران صنعتی ترقی کی شرح میں 5 اعشاریہ 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ صرف اکتوبر 2019 میں صنعتی پیداوار 8 فیصد تک گھٹ گئی۔
سب سے بڑا دھچکا آٹو سیکٹر کو لگا جس نے ایک ماہ کے دوران 42 فیصد گراوٹ دکھائی، اس عرصے میں الیکٹرونکس مصنوعات کی پیداوار میں 31 فیصد کمی، پیٹرولیم میں مصنوعات کی پیداوار میں 11 فیصد اور کیمیکل کے شعبے میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق صنعتی شعبے کی تنزلی کی سب سے بڑی وجہ زائد شرح سود اور ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کا کم ہونا ہے جس سے عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی۔