ایران امریکا کشیدگی میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں 1165.51 پوائنٹس کی زبردست تیزی

Last Updated On 09 January,2020 11:03 pm

لاہور: (علی مصطفیٰ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایران اور امریکا کے درمیان مشرق وسطی میں کشیدگی کی کمی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔ 100 انڈیکس میں زبردست 1165.51 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ بڑھوتری کے باعث 42 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی۔ حصص کی مالیت میں 170 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، تیزی کی سب سے بڑی وجہ ایران اور امریکا کے درمیان عالمی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں ہیں، اس کوششوں کے اثرات سٹاک مارکیٹ میں دیکھنے کو ملے۔

 

100 انڈیکس میں 1165.51 پوائنٹس کی تیزی کے باعث 12 حدیں بحال ہو گئی۔ بحال ہونے والی حدوں میں 41400، 41500، 41600، 41700، 41800، 41900، 42000، 42100، 42200، 42300، 42400 اور 42500 کی حدیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا اختتام 546.91 پوائنٹس کی مندی کے بعد 41357.56 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

آج کاروبار کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 700 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے باعث صبح دس بجے ہی 42 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی تھی، اسی کا تسلسل آگے چلتا رہا، دوپہر 12 بجے کے قریب انڈیکس 42200 کی حد بھی عبور کر گیا تھا۔

دوپہر دو بجے کے قریب 42500 کی حد عبور کر گئی تھی۔ ایک موقع پر کاروبار کے دوران 42556 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح گر گئی اور 100 انڈیکس 1165.51 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42523.07 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.74 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 24 کروڑ 94 لاکھ 92 ہزار 720 شیئرز کا لین دین ہوا۔ حصص کی مالیت میں 170 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کی سب سے بڑی وجہ عالمی سطح پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کی کمی کے اثرات ہیں، امریکا کی طرف سے ایران کے ساتھ مذاکرات کی خبریں اور تہران کی طرف سے جنگ کے اعلان نہ کرنے کے بیانات کے بعد ملکی اور غیر ملکی انویسٹرز نے کھل کر سرمایہ کاری کی۔

ماہرین کے مطابق دوسری بڑی وجوہات میں قومی اسمبلی اورسینیٹ اجلاس کے دوران آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے حوالے سے ترمیم کی منظوری بھی ہے۔ اس کے باعث سٹاک مارکیٹ پر چھائے غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی جس کے بعد انویسٹرز مارکیٹ میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔