بغداد: (دنیا نیوز) عراق میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملے کے بعد کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کر دی گئیں، ایئرکرافٹ ہینگرز کو نقصان جبکہ کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دبئی اور اسرائیل کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
عراق میں امریکی اڈوں پر ایرانی حملے کے بعد کی سیٹلائٹ تصاویرجاری کر دی گئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئر کرافٹ ہینگرز کو نقصان پہنچا اور کئی عمارتیں تباہ ہوئیں، بغداد کے گرین زون میں مزید حملے کئے گئے۔ روسی میڈیا کے مطابق ایک راکٹ امریکی سفارت خانے سے 100 میٹر دور گرا۔ عراقی صدر اور اسپیکر اسمبلی نے ایرانی میزائل حملوں کی مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ تہران نے کارروائی سے پہلے مطلع کیا تھا البتہ ٹارگٹ نہیں بتایا۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عراق میں تمام امریکی فوجی محفوظ، ہیں، بیسز کو معمولی نقصان پہنچا، تہران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، مزید پابندیاں بھی لگائیں گے۔ ٹرمپ اور نیٹو چیف کا ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔ اسٹولٹن برگ نے مشرق وسطیٰ میں نیٹو کا کردار بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا۔
امریکا، ایران کشیدگی پر بریفنگ کے بعد امریکی سینیٹرز کی رائے تقسیم ہو گئی، امریکی اور یورپی سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ایرانیوں نے جان بوجھ کر ہلاکتوں کو کم کرنے اور امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیا ہے۔