حکومت نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے کئے: رزاق داود

Last Updated On 11 January,2020 03:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مشیر صنعت و تجارت رزاق داود نے کہا ہے کہ حکومت نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے کئے، معاشی صورتحال اب پہلے جیسی نہیں رہی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی آئل کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صنعت و تجارت رزاق داود کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی بے روزگاری اور دیگر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، موجودہ معاشی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مانیٹری پالیسی کو سخت رکھا ہوا ہے، روپے کی قدر پر تاجروں میں بے چینی تھی مگر گذشتہ دو ماہ سے روپے کی قدر مستحکم ہے، حکومتی اقدامات کے باعث ایک ماہ میں کرنٹ اکاونٹ سرپلس رہا، ٹیکسٹائل سیکٹر کے ری فنڈز جاری ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

رزاق داود نے کہا کہ گنا، کپاس، دیگر فصلوں کی پیداوار اور ان کی برآمدات بڑھانے کے لئے کام کر رہے ہیں، رائس ایکسپورٹرز نے حکومت کو کچھ سفارشات دی ہیں جن پر عمل کر کے صرف چاول کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔