پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد نانبائیوں نے پشاور اور ہزارہ میں ہڑتال کر دی، شہر بھر میں تمام تندور بند ہوگئے، شہری روٹی کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔
خیبرپختونخوا میں 85 کلو سپر فائن آٹے کی بوری کی قیمت 5 ہزار 2 سو روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب نانبائیوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے سمیت لکڑی اور گیس بھی منہگی ہوگئی ہے، 170 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کی جائے۔
ادھر صوبہ سندھ میں گندم کی فراہمی متاثر ہونے سے 100 کلو والی بوری کی قیمت تین ماہ کے دوران 1300 روپے اضافے سے 5 ہزار 300 روپے تک جاپہنچی جس کے سبب آٹے کی قیمت ریکارڈ سطح کو چھو گئی۔ کراچی ریٹیلرز ایسو سی ایشن کے مطابق گندم کی فراہمی میں بہتری آئی ہے، آئندہ ایک ہفتے میں قیمتوں میں استحکام آنا شروع ہوجائے گا۔