اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ملائیشیا کو تیل اور گیس کے 18 بلاکس اور اسی شعبے سے وابستہ تین بڑی کمپنیوں میں شراکت داری کی دعوت دے دی۔
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے اسلام آباد میں ملائیشیا کے سفارتکار سے ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا اور دیگر امورپر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزارت پیٹرولیم کے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے ملائیشیا کو تیل گیس کے 18 بلاکس میں سرمایہ کاری اور اسی شعبے سے تعلق رکھنے والی تین بڑی کمپنیوں، جس میں او جی ڈی سی، پاکستان پیٹرولیم اور ماڑی پیٹرولیم شامل، میں شراکت داری کی دعوت دی ہے۔
وزیر توانائی عمر ایوب نے ملائیشیا کو ایل این جی اور ایل پی جی کے شعبے میں سرمایہ کاری سمیت آئل ریفائنری کی اپ گریڈیشن میں شراکت داری کے لئے بھی کہا ہے۔