لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس خدشے کے پیش نظر چین سے سبزیاں آنا بند، چائنہ، ادرک اور لہسن کے دام مزید بڑھ گئے، اتوار بازاروں میں موسمی سبزیاں بھی پہنچ سے باہر ہونے لگیں، عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ہیں۔
کرونا وائرس سے سبز مصالحہ جات کی سپلائی بھی متاثر، چین سے سپلائی معطل ہونے پر چائنہ ادرک اور لہسن کی قیمتیں بڑھ گئیں، ادرک چائنہ کی قیمت 50 روپے اضافے سے 300 سے 350 روپے کلو ہو گئی۔ لہسن چائنہ 90 روپے مہنگا ہوا، قیمت 270 سے 360 روپے کلو تک جا پہنچی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چین سے ترسیل کم ہونے کی وجہ سے ان اشیاء کی قیمتوں میں تیزی آئی۔
مٹر 5 روپے اضافے سے 120روپے، آلو اور گاجر 6 روپے اضافے سے 34 روپے کلو ہو گئے۔ پیاز بدستور 44 روپے کلو میں فروخت ہوا۔ ٹماٹر کا زور ٹوٹنے لگا اور اصل قیمت کی طرف واپسی ہونے لگی۔ ٹماٹر کی قیمت ایک ہفتے میں 23 روپے کم ہوکر50 روپے کلو رہ گئی۔
عوام مہنگائی کے طوفان سے پریشان، کہتے ہیں چند سبزیاں سستی ہوتی ہیں تو دوسری مہنگی ہو جاتی ہیں، مشکل تو برقرار ہی رہتی ہے۔ پالک 30 اور پھول گوبھی 36 روپے کلو فروخت ہوئی جبکہ بینگن کی قیمت 93 روپے کلو رہی، بیس کلو والا آٹا کا تھیلا 790روپے میں دستیاب رہا۔