ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی جنگی جنون کو خطے کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 5 فروری کو کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم دنیا کو دکھائیں گے۔
اعجاز احمد شاہ کا ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حکومت اور اتحادیوں میں کوئی اختلاف نہیں، پی ٹی آئی کا اپنا جبکہ اتحادی جماعتوں کا اپنا اپنا منشور ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب اقتدار سنبھالا ملکی خزانہ خالی تھا تاہم اب ملکی معیشت مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے۔ انشاء اللہ آنے والا وقت ترقی اور خوشحالی کا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی افواج کئی دہائیوں سے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ کشمیر میں 6 ماہ سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ ہم 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن اور کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔ پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد خوش آئند بات ہے۔ کبڈی ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیموں کو بہترین سیکیورٹی دیں گے۔