لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بیٹھے چینی مسافر کی ناک سے خون نکل آیا جسے فوری طور پر آئیسولیشن روم منتقل کر دیا گیا، مشتبہ مسافر کی مکمل اسکریننگ کے بعد سروسز ہسپتال بھجوا دیا گیا ہے۔
لاہور ائیرپورٹ پر اس وقت محکمہ صحت عملے کی دوڑیں لگ گئیں جب لاونج میں بیٹھے چینی مسافر کے ناک سے خون نکل آیا۔ چینی مسافر ڈیمنگ یاو کو فوری طور پر آئیسولیشن روم منتقل کر دیا گیا۔
کرونا وائرس کے مشتبہ مسافر کی مکمل اسکریننگ کے بعد ایمبولینس کے ذریعے سروسز ہسپتال روانہ کردیا گیا۔ چینی مسافر پی آئی اے کی پرواز 313 کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچا تھا جہاں سے چین کے شہر کرومچی جانا چاہتا تھا۔ چین کی پرواز بند ہونے کے باعث مسافر ائیرپورٹ لاونج میں انتظار کر رہا تھا۔
ادھر کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ غیر ملکی ائیر لائنز کے مسافروں کا مکمل میڈیکل ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔ آئسولیشن روم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کو طیارے میں میڈیکل کارڈ کیساتھ ایئرپورٹ پر بھی ہیلتھ فارم مکمل پر کرنا ہوگا۔