اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چین کے اقدامات کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا آج کرونا کی تشخیص کیلئے کٹس موصول ہوں گی، کل سے وائرس کا پتہ چلا سکیں گے، متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی کرلی۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر طفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، روزانہ ہزاروں کیسز سامنے آ رہے ہیں، کرونا وائرس سے اب تک 249 اموات ہوچکی ہیں، وائرس 27 ممالک میں پھیل چکا ہے، چینی حکومت کروناوائرس کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا ووہان میں پاکستانی طلبا کی دیکھ بھال سے متعلق مطمئن ہیں، چین میں پاکستانیوں کا بہتر خیال رکھا جا رہا ہے، چین کے اقدامات سے دیگر ممالک بھی محفوظ ہوں گے، چین سے پاکستانیوں کو نکالنے کا اقدام پبلک ہیلتھ کیلئے ٹھیک نہیں، چین میں پاکستانیوں کے ویزوں کی توسیع کیلئے دفتر خارجہ نے انتظامات کرلیے۔