کرونا وائرس: تھائی لینڈ میں جعلی خبریں پھیلانے پر دو افراد گرفتار

Last Updated On 01 February,2020 04:19 pm

بنکاک: (ویب ڈیسک) چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، مہلک بیماری کے باعث 259 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور بیماری چین سے ہوتی ہوئی 20 ممالک تک پھیل چکی ہے، جہاں پر بہت سارے ممالک نے اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں جبکہ کچھ نے لوگوں کو چین سے نکال لیا ہے، کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں افواہیں بہت زیادہ پھیل رہی ہیں، ایسی افواہوں پر کارروائی کرنے کے لیے تھائی لینڈ نے کارروائی کی ہے، اس کارروائی کے دوران کرونا وائرس سے متعلق ’’جعلی خبریں‘‘ پھیلانے پر دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں جیسے جیسے ٹیکنالوجی میں جدت آتی جا رہی ہے، ویسے ہی اس کا استعمال دو طریقوں سے ہونے لگا ہے، کچھ لوگ ٹیکنالوجی کے استعمال کو غلط انداز میں استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ اس کے بل بوتے پر دنیا بھر میں اپنا نام بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں انہی میں چند ایک مثال بل گیٹس، مارک زگربرگ اور علی بابا کے مالک جیک ما ہیں جبکہ امریکا میں جعلی خبروں کی شناخت کے حوالے سے تعلیم بھی دی جاتی ہے۔

ٹیکنالوجی کا غلط استعمال سب سے زیادہ سوشل میڈیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک، ٹویٹر، انسٹا گرام سمیت دیگر جگہوں پر ہوتا ہے، جس کے اثرات افواہوں، لڑائیوں تک پھیل جاتے ہیں، یہ افواہیں آگے چل کر ’جعلی خبریں‘ پھیلانے کا ذریعہ بن جاتی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے ہی سوشل میڈیا پر ہزاروں اور لاکھوں مرتبہ شیئر کی جاتی ہیں۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ان جعلی خبروں کو روکنے کے حوالے سے متعدد طریقے اپنائے گئے ہیں، سنگا پور وہ واحد ملک ہے جس نے سب سے پہلے جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے بڑا قدم اٹھایا اور اپنی پارلیمنٹ میں ایک قانون سازی کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس سے متعلق جعلی خبریں پھیلانے پر تھائی لینڈ میں حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تھائی انتظامیہ کی طرف سے انتباہی انداز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی شیئر کرنے سے قبل متعدد بار زور سوچ لیں کیونکہ اس طرح کی خبریں بہت سے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

چینل نیوز ایشیا کے مطابق چین کے بعد سب سے زیادہ کرونا وائرس کے مریض تھائی لینڈ میں سامنے آئے ہیں، تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 15 کے قریب ہے۔

تھائی لینڈ کی ڈیجیٹل معیشت کے وفاقی وزیر کا فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جن دو افراد کو گرفتار کیا گیا ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ دونوں پر کمپیوٹر کرائم ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں افراد میں سے ایک جعلی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلا رہا تھا جبکہ دوسرا جعلی فیس بک پوسٹ کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا تھا۔

سرکاری حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں شہریوں نے جعلی خبروں کے حوالے سے اپنا جرم قبول کر لیا ہے، مزید مشتبہ افراد کیخلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ کچھ افراد کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔
 

Advertisement