چھ ارب ڈالر قرض کی اگلی قسط کا معاملہ، آئی ایم ایف کا جائزہ وفد آج اسلام آباد آئے گا

Last Updated On 02 February,2020 02:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 6 ارب ڈالر کے قرضے کی اگلی قسط کے معاملے پر بات چیت کا آغاز 3 فروری سے ہو گا، آئی ایم ایف سے 45 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط کیلئے معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اعلی سرکاری ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ آئی ایم ایف کا جائزہ آج پاکستان پہنچے گا، آئی ایم ایف وفد مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کرے گا۔ آئی ایم ایف وفد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بھی ملاقات کرے گا، آئی ایم ایف وفد حکومتی معاشی ٹیم سے بھی ملاقاتیں کرے گا، آئی ایم ایف وفد توانائی اور ٹیکس اصلاحات کا جائزہ لے گا۔

پاکستان کو آئی ایم ایف سے دو اقساط میں 1.44ارب ڈالر مل چکے ہیں، آئی ایم ایف سے 45 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط کیلئے بات چیت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جائزہ وفد مذاکرات میں پاکستانی معیشت کے سہ ماہی جائزے لے گا، آئی ایم ایف وفد مختلف وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔