قرضے کی اگلی قسط کا معاملہ، آئی ایم ایف کا جائزہ وفد پاکستان پہنچ گیا

Last Updated On 02 February,2020 09:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 6 ارب ڈالر کے قرضے کی اگلی قسط کے معاملے پر مذاکرات کا آغاز 3 فروری سے ہوگا۔

آئی ایم ایف وفد مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر توانائی عمر ایوب اور وزیر اقتصادی امور حماد اظہر سے بھی ملاقات کرے گا۔ اس کے علاوہ اس کی حکومتی معاشی ٹیم سے بھی ملاقاتیں ہونگی۔

آئی ایم ایف وفد توانائی اور ٹیکس اصلاحات کا جائزہ لے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے دو اقساط میں 1.44ارب ڈالر مل چکے ہیں۔ آئی ایم ایف سے 45 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط کیلئے بات چیت ہوگی۔

وفد مذاکرات میں پاکستانی معیشت کے سہ ماہی جائزے لے گا جبکہ مختلف وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔