اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کی منظوری دے دی۔ رقم فوری پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عمل پیرا ہے، اس کے مثبت نتائج واضح ہیں، پاکستان نے معاشی نظم و ضبط قائم کیا، قرض کی دوسری قسط کی منظوری معاشی اصلاحات پر عملدرآمد کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے اعلامیہ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف پر عمل درآمد تیز کرے گا، منی لانڈرنگ کے فریم ورک پر پیش رفت تیز کی جائے گی۔ آئی ایم ایف معاشی اصلاحات اور سٹیٹ بینک کو فیصلوں میں خود مختاری کی حمایت کرے گا۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی بھی تعریف کی ہے۔
اعلامیے میں کہنا ہے کہ پاکستان نے توانائی اصلاحات میں بہتری دکھائی جس سے نقصانات کی شرح کم ہوئی، توانائی کے شعبے میں خسارے محدود کیے اور وصولیاں بہتر کیں۔ آئی ایم ایف بورڈ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کی حکومت کفایت شعاری پر مبنی اخراجات کی پالیسیاں بنائے گی، ٹیکس اصلاحات کے سلسلے میں ٹیکس کی چھوٹ اور خامیوں کے خاتمے کی بھی ضرورت ہے۔