اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف سے مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے، پاکستان کو دوسری قسط کے تحت 46 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستانی وفد 3 اہم نکات پر اپنا موقف منوانے کے لیے سرگرم ہو گیا۔
پاکستان آج نجکاری پروگرام سے متعلق آئی ایم ایف حکام کو بریفنگ دے گا، اس موقع پر پاکستان کی نان ٹیکس آمدن میں 1400 ارب روپے کے حصول سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔
پاکستان، عالمی مالیاتی ادارے کے حکام کے سامنے کچھ مطالبات بھی رکھے گا جن میں ٹیکس ہدف میں کمی، ایف اے ٹی ایف سفارشات اور بانڈز ضمانت کا خاتمہ شامل ہے۔ یہ بھی کہا جائے گا کہ ایف اے ٹی ایف سفارشات کو آئی ایم ایف پیکج کا حصہ نہ بنایا جائے۔
آئی ایم ایف پاکستان کے مطالبات پر اپنے جواب سے آج یا کل پاکستانی حکام کو مطلع کرے گا، دورے کی کامیابی پر قرض کی دوسری قسط ملے گی، عالمی ادارے سے 46 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔