واشنگٹن: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسیٹالینا سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین معاشی تعاون پر بات چیت ہوئی، پاکستانی وفد بھی مشیر خزانہ کے ہمراہ موجود تھا۔ کرسیٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان سے معاشی تعاون جاری رکھیں گے۔
مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کرسیٹا لینا کو آئی ایم ایف کے پروگرام پر عملدرآمد سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کی بہتری اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسیٹالینا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مشکل فیصلوں پر عملدرآمد سے پاکستانی معیشت بہتر ہو گی، انہون نے معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی عزم کی تعریف کی اور کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ پاکستان سے تعاون جاری رکھےگا۔