اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملکی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور موجودہ معاشی و اقتصادی صورتحال سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملکی کسان اور زراعت کی ترقی کیلئے اقدامات پر گفتگو ہمیں کسان دوست پالیسیاں بنانا ہونگی، معاشی پالیسیوں میں عام آدمی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے۔ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہی ملکی معیشت کی حالت بہتر کر سکتا ہے، کپاس جیسی اہم فصلوں کی بہتری کے لئے تاریخی فیصلے کرنے ہونگے۔ معیشت کی بہتری کے لیے کسان کو سہولیات دینا ہوں گی، صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کی جائے، ٹیکس ریفارمز پر توجہ مرکوز کی جائے۔
ملاقات کے دوران عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، صنعتکاروں کے مسائل حل کر رہے ہیں۔ کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پا لیا گیا، حکومت بہتری کے لیے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے، پاکستان کے معاشی بحران کا مستقل حل چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اس پر جلد قابو پالے گی۔