اسلام آباد: (دنیا نیوز) عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، خطے کی ترقی کے لیے مواصلات اور رابطے بڑھانا ضروری ہے، ترقی ہوگی تو روزگار بڑھے گا۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا خطے میں ترقی کی ضرورت ہے، پاکستان چاہتا ہے کیپیٹل مارکیٹ ترقی کرے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار ہے، چین پاکستان کا بڑا اقتصادی شراکت دار ہے، تحریک انصاف کی حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے، موجودہ حکومت کو قرض کا بڑا بوجھ ورثے میں ملا، پاکستان نے دنیا بھر کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان معاشی نظم و ضبط قائم کرے گا۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا پاکستان کے آئی ایم ایف کے پروگرام میں جانے سے مثبت معیشت کا تاثر گیا، اسلامی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے لیے فنڈز بڑھانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کے ایما پہ یقین دلاتا ہوں کہ کاروبار کرنے میں ماضی کی مشکلات اور کرپشن نہیں ملے گی، پاکستان کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والا ملک بن رہا ہے۔