ایمنسٹی سکیم میں تین ہزار ارب کے اثاثے ظاہر کئے گئے: مشیر خزانہ

Last Updated On 05 July,2019 12:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ایمنسٹی سکیم میں ایک لاکھ سینتیس ہزار افراد رجسٹرڈ ہوئے، ستر ارب روپے کا ٹیکس ملا، تین ہزار ارب روپے کے اثاثے ظاہر کئے گئے، تقریباً ایک لاکھ نئے فائلر سسٹم میں شامل ہوئے، آئی ایم ایف پیکج سے معیشت میں استحکام آئے گا۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر اور چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل صورتحال میں ہے، آئی ایم ایف نے 6 ارب ڈالر پیکج کی منظوری دی ہے، ہر سال 2 بلین ڈالرز ملیں گے جس سے سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد بڑھے گا۔ آئی ایم ایف سے لیے گئے قرض کی واپسی 10سال تک ہو سکتی ہے، مارک اپ فارمولہ بدلتا رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک 3.2 ارب ڈالر اضافی پاکستان کو دینے کا سوچ رہا ہے، 31 ہزار ارب کا قرض اس حکومت کو ورثے میں ملا، قرضہ واپس کرنے کیلئے کئی فیصلے کیے گئے ہیں۔ چین، قطر اور یو اے ای سے ڈپازٹس حاصل کیے ہیں۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی سکیم میں ایک لاکھ 37 ہزار افراد رجسٹرڈ ہوئے، ستر ارب کا ٹیکس ملا۔ سکیم میں 3 ہزار ارب روپے کے اثاثے ظاہر کیے گئے، تقریباً ایک لاکھ نئے فائلر سسٹم میں شامل ہوئے ہیں۔

چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ انڈسٹری کو ہراساں نہیں کرنا چاہتے، سندھ اور پنجاب کی پراپرٹی کا ڈیٹا لے لیا ہے، افسران کو کہا ہے کہ کسی کو ہراساں نہ کریں۔

 

 

Advertisement