اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ضرورت، تاجر برادری اپنا کردار ادا کرے۔
مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ سے وفاق ہائے ایوان صنعت وتجارت اور ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا کہ معاشی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں کفایت شعاری کے ذریعے 50 ارب کمی کی۔ وزیراعظم سمیت تمام اراکین کابینہ کی تنخواہیں 10 فیصد کم کی گئی۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کو مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی ضرورت ہے۔ معیشت کی بہتری میں تاجر اور صنعتکار اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر اور صنعتکار معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز دیں، انھیں بار بار ٹیکس آڈٹ سے بچائیں گے اور ڈی ٹی آر ای سکیم سے متعلق شکایات دور کریں گے۔