آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہونے کی امید ظاہر کردی

Last Updated On 08 November,2019 09:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے جاری جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا بیرونی اور مالیاتی خسارہ کم ہو رہا ہے، ملک میں مہنگائی کم ہونے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی معیشت پر اپنا پہلا جائزہ مکمل کر لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ستمبر کیلئے طے کردہ معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں اور معاشی اصلاحاتی عمل کے ثمرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

جائزہ رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے کافی پیشرفت کی، معاشی ترقی کی شرح کم لیکن مثبت ہے۔ مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہو رہی ہے۔ جائزہ اجلاس میں معاشی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی سے بورڈ کوآگاہ کیا جائے گا۔ بورڈ کارکردگی کی بنیاد پر 45 کروڑ ڈالر کی قسط منظور کرے گا۔

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن 28 اکتوبر سے 8 نومبر تک پاکستان میں رہا، اس دوران پاکستان کے ساتھ معاشی پالیسیوں کا تعین کیا گیا۔