کراچی: (دنیا نیوز) سرکاری اداروں میں شفافیت اور فعال بنانے کے ساتھ نجکاری سے متعلق قانون سازی شروع کر دی گئی، آئی ایم ایف دستاویزات کے مطابق مسودہ آئندہ برس پیش کر دیا جائے گا۔
حکومت آئی ایم ایف کے تعاون سے سرکاری اداروں کے لئے نئی قانون سازی کرنے جارہی ہے، نیا قانون ستمبر 2020 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ آئی ایم ایف دستاویزات کے مطابق حکومت نے وفاقی اداروں کی اصلاحات پر کام شروع کر دیا ہے جس سے ادارے فعال اور ان میں شفافیت بڑھے گی۔
حکومت دو ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری کے لئے مالیاتی مشیر تعینات کرچکی ہے، جون 2020 تک دونوں پلانٹس فروخت کردیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے اور اسٹیل ملز کے لئے غیرملکی آڈیٹرز جلد ہی رپورٹس تیار کرلیں گے اور بعد میں ان اداروں کی نجکاری کا عمل شروع کیا جائے گا جس کے لئے غیرملکی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔