اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ چھ ارب ڈالر کے قرض کی تیسری قسط کیلئے مذاکرات شروع ہو گئے، معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف سے معاونت حاصل ہو گئی ہے۔ پوری دنیا سے پاکستان میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، عالمی مانیٹری فنڈ کے ساتھ مل کر احساس پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان میں ڈالر کی قدر میں استحکام آیا ہے، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کئی فیصلے کیے، اس سلسلے میں گندم درآمد کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومتوں کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ سیزنل ہے، جلد کمی واقع ہو گی۔ پاکستان میں معیشت بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے سے معاملات جلد طے پا جائیں گے، آئی ایم ایف 6 ارب ڈٓالر دے رہا ہے، وفد کو جولائی سے دسمبرکے دوران معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔