اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے تو وہیں مشیر خزانہ ڈاکٹر الحفیظ شیخ ٹماٹر کی قیمت سے لا علم نکلے۔
صحافیوں کی طرف سے سوال کے جواب میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 17 روپے فی کلو ہے، جس نے ٹماٹر اس حساب سے خریدنے ہیں وہ سبزی منڈی کراچی سے خرید لے۔
دوسری طرف کراچی میں ٹماٹر کی قیمتیں آؤٹ آف کنٹرول ہو گئیں، ڈبل سنچری مکمل ہونے کے بعد بھی قیمتوں میں استحکام نہ آسکا، تین روز میں ٹماٹر 70 روپے اضافے سے 250 روپے کلو ہو گئے۔
سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ جب تک سپلائی بہتر نہیں ہوگی ریٹ کم نہیں ہوسکتے۔
کراچی سبزی منڈی ایسو سی ایشن کے صدر شاہ جہان کا کہنا ہے کہ ایران سے ٹماٹر کی سپلائی کے بند ہونے، بلوجستان کی پیداوار کا ختم ہو جانا اور سندھ میں ٹماٹر کی فصل میں تاخیر کے باعث اسکی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
لاہور میں بھی مہنگائی ٹورنامنٹ میں ٹماٹر بازی لے گیا، سرکاری نرخ اور مارکیٹ ریٹ ایک دوسرے کا منہ چڑانے لگے، دکانوں پر ٹماٹر اڑھائی سو روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔
دکانوں پر سجے لال خوش رنگ ٹماٹر سب کو ہی بھاتے ہیں اور ٹماٹر کسی بھی ڈش کے ذائقے کو بھی بڑھاتے ہیں، آج کل ٹماٹر خریدنا آسان نہیں، ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 175 روپے کلو مقرر ہے تاہم تھوک مارکیٹ میں 200 روپے اور عام دکانوں پر 250 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے ۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ مقامی فصل نہ ہونے سے ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ گئے ہیں۔
طبی ماہرین ٹماٹر کو خون پیدا کرنے اور رنگت لال کرنے کا ذریعہ بتاتے ہیں لیکن اب تو ٹماٹر کا ریٹ سن کر گاہک کا رنگ پیلا پڑ جاتا ہے اور وہ ٹماٹر کا متبادل ہی ڈھونڈنے میں عافیت خیال کرتے ہیں۔