دنیا کی کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ ارفع کریم کی پچیسویں سالگرہ

Last Updated On 02 February,2020 06:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا کی کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ ارفع کریم کی پچیسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ ارفع کریم نے نو برس کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ کا اعزاز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا تھا۔

ارفع کریم رندھاوا 2 فروری 1995ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے محض 9 برس کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل امتحان پاس کر کے تہلکہ مچا دیا تھا۔

ارفع نے فاطمہ جناح گولڈ میڈل، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ، صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت دیگر اعزازات حاصل کیے۔ 2005ء میں مائیکروسافٹ کے خالق بل گیٹس نے ارفع کریم کو ذاتی مہمان بنا کر امریکا آنے کی دعوت دی۔

بل گیٹس نے ارفع کریم سے خصوصی ملاقات کی اور مائیکرو سافٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کروایا۔ اس کے علاوہ ارفع کریم کو مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ ایپلی کیشن کی سند بھی عطا کی۔

مائیکرو سافٹ نے بارسلونا میں 2006ء کی تکنیکی ڈیولپرز کانفرنس منعقد کی اور پوری دنیا سے 5 ہزار سے زیادہ مندوبین میں سے پاکستان سے صرف ارفع کریم کو مدعو کیا۔

علاوہ ازیں ارفع کریم نے دبئی کے فلائنگ کلب میں صرف 10 سال کی عمر میں ایک طیارہ اڑایا اور اس کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیا۔ حکومت نے بعد از مرگ لاہور کے ایک ٹاور اور کراچی کا آئی ٹی سینٹر ارفع کریم کے نام سے منسوب کر دیا۔