’خوف کے سائے ختم، پاکستان میں کرونا وائرس نہیں، سات مشتبہ افراد کلیئر‘

Last Updated On 04 February,2020 09:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی تشخیص ممکن ہو گئی ہے۔ چین سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے لیکن چودہ روز کی سکریننگ کے بغیر کوئی بھی پاکستانی وطن نہیں آ سکے گا۔ پاکستان میں چین کے سفیر کہتے ہیں کہ مشکل گھڑی میں پاکستان کے اعتماد اور حمایت پر شکر گزار ہیں۔

اسلام آباد میں چینی سفیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے لیکن مشتبہ مریض کو سکریننگ مکمل ہونے تک پاکستان آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے۔

پاکستان میں چین کے سفیر نے بتایا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے اعتماد اور حمایت کے شکر گزار ہیں۔ چین میں موجود پاکستانیوں کو اپنا شہری سمجھتے ہیں۔ چین اپنے شہریوں، غیر ملکیوں خاص طور پر اپنے دوست ممالک کے شہریوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔ پاکستان کی جانب سے تعاون اور حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کو سراہتے ہیں۔ یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کے شکار 500 سے زائد مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

ادھر چین اور پاکستان کے درمیان فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔ چین سے تین پروازوں کے ذریعے 40 سٹوڈنٹس سمیت 183 مسافر اسلام آباد پہنچے، جن میں 172 پاکستانی اور 11چینی باشندے شامل تھے۔ ائیرپورٹ پر میڈیکل چیک اپ کے بعد مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا وائرس کے باعث 29 جنوری کو چین اور پاکستان کے درمیان فضائی آپریشن معطل کیا تھا، جو اب بحال کر دیا گیا ہے۔ ارمچی سے پہلی براہ راست پرواز 61 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی۔

دوسری غیرملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 سے 40 طلبہ براستہ دوحہ سے اسلام آباد پہنچے۔ ائیرپورٹ پر وزارت صحت نے چین سے آنے والوں کے لیے خصوصی ڈیسک بنائے جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ اور سکریننگ کی گئی۔ میڈیکل چیک اپ کے بعد تمام طلبہ کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، کسی میں کرونا وائرس نہیں ملا۔

تیسری پرواز سی زیڈ 5241 ارمچی سے براہ راست 82 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی اسلام ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کی سکریننگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہر ممکنہ ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہے۔ قومی ادارہ صحت میں ممکنہ کروناوائرس کیسزکی تشخیص کی سہولت موجود ہے۔
 

Advertisement