کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

Last Updated On 03 February,2020 07:15 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

تفصیل کے مطابق صوبائی محکمہ ریلیف وآباد کاری نے کرونا وائرس کے خدشات اورخطرات کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ ایک ماہ کے لیے کیا گیا ہے۔ کرونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رہنے، تیاری اور رسپانس کے لئے انتظامات کی ہدایات بھی دی گئیں ہیں۔

 محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کے علاج کے لیے علیحدہ ہسپتال مختص کر دیا ہے۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور مشتبہ مریضوں کے علاج کے لیے پولیس اینڈ سروسز ہسپتال کو مختص کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے لیے ہسپتال میں نیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہسپتال میں آنے والے مشتبہ کیسز کے نمونے تصدیق کے لیے قوی ادارہ برائے صحت کو بھیجے جائیں گے۔ ہسپتال میں کرونا وائرس کے علاج کے پیش نظر ایمرجنسی اور دیگر روزمرہ صحت سہولیات کی فراہمی روک دی گئی ہے۔
 

یہ بھی پڑھیں: کراچی: قومی ادارہ برائے صحت نے کرونا وائرس کی تشخیص کا آغاز کر دیا

ادھر قومی ادارہ برائے صحت نے کرونا وائرس کی تشخیص کا آغاز کر دیا ہے۔ کراچی، لاہور اور ملتان سے حاصل کیے گئے 6 نمونوں کی جانچ کی جائے گی۔

قومی ادارہ برائے صحت نے لیاری کے ارسلان سمیت چین سے پاکستان آنے والوں کے نمونے لیے جس کی 24 سے 48 گھنٹے میں رپورٹ آنے کا امکان ہے۔ کراچی کے آغا خان اور ڈاؤ ہسپتال بھی تشخیصی صلاحیت حاصل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چین میں کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری کو چین اور پاکستان کے درمیان پروازیں کی آمدورفت معطل کیا گیا فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔

چین ارمچی سے پہلی براہ راست پرواز 61 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی جبکہ نجی ایئر لائن کی پرواز 40 طلبا کو لیکر چین سے براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچی۔

ائیرپورٹ پر وزارت صحت نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے خصوصی ڈیسک بنائے اور ان کا میڈیکل چیک اپ سکینگ کی گئی، میڈیکل چیک اپ کے بعد تمام مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کسی مسافر میں کرونا وائرس نہیں ملا ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت نے اسلام ایئر پورٹ کا دورہ جہاں ڈاکٹر ظفرمرزا نے مسافروں کی سکریننگ کے انتطامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ظفر مرزا کا کہنا تھا تمام ہوائی اڈوں پر سکریننگ کے نظام کو مضبوط بنا لیا ہے۔ حکومت پاکستان ہر ممکنہ ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہے۔ قومی ادارہ صحت میں ممکنہ کروناوائرس کیسزکی تشخیص کی سہولت موجود ہے، تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سکریننگ کے مکمل انتظامات موجود ہیں۔
 

 

Advertisement