سٹاک مارکیٹ میں 96.62 پوائنٹس کی مندی، 39200 کی حد گر گئی

Last Updated On 03 March,2020 04:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد 96.62 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق حصص مارکیٹ میں آج اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا جس کے بعد کاروبار میں 96.62 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی، مندی کے بعد پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.25 فیصد تنزلی دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، 100 انڈیکس 1312 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 39296.30 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ حصص کی مالیت میں 190 ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔

آج کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں پانچ سو پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 39700 پوائنٹس کی حد بحال کر گیا تھا۔

تاہم اس دوران آئندہ چار گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں ایک مرتبہ پھر بڑی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس دوبارہ 39276 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں اُتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس 39057.53 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح جبکہ 39866.46 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

تاہم سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 96.62 پوائنٹس کی مندی کے بعد ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 39199.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.25 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 17 کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار840 شیئرز کا لین دین ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں شروع کے پہلے گھنٹوں کے دوران تیزی کی سب سے بڑی وجہ ملک بھر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت خبریں تھیں، جن میں آئی ایم ایف کی طرف سے نئی قسط کا ملنا، شرح سود میں ممکنہ کمی اور دیگر پہلو نمایاں تھے، تاہم آخری لمحات میں غیر یقینی کے باعث مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔