رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری میں 380 فیصد اضافہ ریکارڈ

Last Updated On 22 April,2020 01:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) معیشت کے لیے ایک اور مثبت خبر ہے کہ رواں مالی سال میں اب تک غیر ملکی سرمایہ کاری میں 380 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ میں غیر ملکی سرمایہ کاری 2 ارب 37 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے درمیان غیر ملکی سرمایہ کاری 49 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی تھی یعنی رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری میں 380 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کےمطابق رواں مالی سال سب سے زیادہ سرمایہ کاری چین سے 87 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی گئی ہے جبکہ ناروے سے 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، مالٹا سے 16 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور ہانگ کانگ سے 13کروڑ 50لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔