کراچی: (دنیا نیوز) لاک ڈائون میں نرمی کے بعد ملک بھر میں چند صنعتیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔
سندھ حکومت نے ایس او پیز پر عمل کرنا ضروری قرار دیا ہے، ملازمین جب فیکٹری میں داخل ہوں تو نہ صرف ہاتھ دھونے کا بندوبست ہو بلکہ ڈس انفیکٹ کرنے والے واک تھرو کیبنز بھی ہوں۔
تھرمل گنز کے ذریعے فیکٹری میں داخل ہونے والے افراد کے جسم کا درجہ حرارت چیک کرنا بھی ضروری ہے جبکہ فیکٹری میں جگہ جگہ ہینڈ سینیٹائزرز اور آگاہی بینرز آویزاں کئے جاِئیں۔
ملازمیں کی حاضری کیلئے انگوٹھے کے استعمال کے بجائے چہرے کی شناخت کا طریقہ کار اختیار کیا جا سکتا ہے۔ کورونا سے کیسے بچا جا سکتا ہے، ملازمین کو مکمل آگاہی بھی دی جائے۔ فیکٹری انتظامیہ نہ صرف سوشل ڈسٹینسنگ کو یقینی بنائے بلکہ ملازمین کوفیس ماسک اور گلوز بھی فراہم کرے۔
صنعتکاروں کا کہنا ہے کے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرکے معیشت کے پہیہ چلایا جا سکتا ہے، صوبائی وزیرسعید غنی کہتے ہیں کے اگر صنعتوں کے ملازمین یا مالکان کو حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرانے میں مسائل ہیں تو وہ شکایت درج کروائیں۔
احکامات نہ ماننے پر سندھ حکومت چند فیکٹریوں کو سیل بھی کرچکی ہے،کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئیے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تو معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے گا۔