ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں آم کے باغات میں تیلے کا حملہ شدید ہو گیا ہے جس کی وجہ سے پھل گرنے کا عمل شروع ہونے سے باغبانوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
ملتان میں 76 لاکھ ایکڑ رقبے پر آم کے باغات ہیں تاہم موسمی تبدیلی سے پہلے مرحلے میں باغات میں پھل تاخیر سے لگا جبکہ موجودہ صورتحال میں تیلے کے شدید حملے سے پھل گرنا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے رواں سال مجموعی طور پر پیداوار میں پچاس فیصد تک کمی کا امکان ہونے پر باغبانوں کیلئے باغات کو فروخت کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلی سے فصلوں کیساتھ آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ رہی سہی کسر ریسرچ نہ ہونے سے پوری ہو گئی ہے تاہم موسم کی تبدیلی اختیار میں نہیں جس کیلئے صرف دعا گو ہیں لیکن ریسرچ کو بہتر کرنے کیلیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
رواں سال باغات میں چونسہ اور سندھڑی کا پھل صرف 20 فیصد ہے اور ایکسپورٹ ہونے کی صورت میں عام مارکیٹ سے پھلوں کے بادشاہ کو خریدنا بھی شہریوں کیلئے مزید مشکل ہو جائیگا۔