دس ماہ بعد مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی، ادارہ شماریات

Last Updated On 01 May,2020 02:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دس ماہ بعد مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اپریل میں مہنگائی کم ہوکر 8 اعشاریہ 5 فیصد ہوگئی جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دروان مہنگائی کی شرح 11 اعشاریہ 2 فیصد رہی۔

مارچ کے مقابلے میں اپریل میں مہنگائی میں اعشاریہ آٹھ فیصد کمی، مارچ میں مہنگائی کی شرح دس اعشاریہ دو فیصد تھی جو اپریل میں کم ہوکر آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد پر آگئی۔ جولائی تا اپریل کے دوران مہنگائی کی شرح گیارہ اعشاریہ دو فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کےمطابق مارچ کے مقابلے میں گذشتہ ایک ماہ میں شہری علاقوں میں پیاز کی قیمتوں میں 23 فیصد، چکن 22، ٹماٹر11، تازہ دودھ 4.29، سبزیاں 4 فیصد اور گندم کی قیمتوں میں 3.29 فیصد کمی ہوئی، جب کہ ایک سال میں شہری علاقوں میں ٹماٹر 55 اور چکن 29 فیصد سستا ہوا۔ بجلی قیمتوں میں 6 فیصد کمی ہوئی جب کہ تازہ پھل 18 فیصد، انڈے 15فیصد، دال مسور 28 فیصد، دال مونگ 23 فیصد، دال ماش 14، دال چنا 11، بیسن 8 اور چینی 2.55 فیصد مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اپریل 2019 سے اپریل 2020 کے دوران شہری علاقوں میں دال مونگ 101 فیصد، آلو 92، دال ماش 68، دال مسور47، انڈے44، پیاز41، دال چنا 31، بیسن 29 اور چینی 27 فیصد مہنگی ہوئی۔ اس دوران گھی کی قیمتوں میں 26 فیصد، کوکنگ آئل 22، گندم 17، آٹا 15، گوشت 14فیصد اور ادویات کی قیمتوں میں 13فیصد اضافہ ہوا۔