لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ر واں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز اُتار چڑھاؤ کے بعد 111.86 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران اُتار چڑھاؤ کو دیکھنے کو مل رہا ہے، جس کے باعث 100 انڈیکس میں معمولی تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز میں تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 270 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ تاہم تیزی کا یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا اور اگلے ہی گھنٹے میں تیزی میں جانے والے انڈیکس کو بریک لگ گئی۔
حصص مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس ایک موقع پر 33996.92 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا، اسی دوران انڈیکس میں 33686.99 پوائنٹس کی نچلی سطح بھی ریکارڈ کی گئی۔
پورے کاروباری کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 111.86 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 33804.90 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ تیزی کے باعث انڈیکس میں دو حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 33700 اور 33800 کی حدیں شامل ہیں۔
ٹریڈنگ کے دوران کاروبار میں 0.33 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 80 لاکھ 14 ہزار 330 شیئرز کا لین دین ہوا۔ زیادہ تر سرمایہ کاروں نے شیئرز خریدنے میں دلچسپی لی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ آئندہ چند روز کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنا ہے جس میں ممکنہ طور پر شرح سود میں مزید کمی کی اطلاعات ہیں جس کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اگر شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دیتی ہے تو ملکی قرضوں کے بوجھ میں مزید 330 ارب روپے کی کمی آ سکتی ہے۔