اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ فارن افیئر کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اور بھارت میں مسلمانوں پر جاری انسانیت سوز مظالم قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے مودی کو ‘’وائرس’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی ایشیا کے لیے کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔ مودی سرکار کسی وقت بھی اس خطے کو ایٹمی جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔
مشاہد حسین سید تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام آن لائن انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کی صدارت صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے کی۔
انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں امریکا، ترکی، کینیڈا، پاکستان، کشمیر، عرب اور یورپ کے مختلف ممالک سے پارلیمینٹیرینز، وکلا، دانشواروں، صحافیوں اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، نازی جرمنی اور ہٹلر کے نقشِ قدم پر گامزن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کشمیریوں کے قتل میں ملوث ہے جبکہ بھارت میں مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔