لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کمیٹی کےاجلاس کی تفصیلات جاری کر دی، چیئرمین اقبال قاسم کی زیرصدارت پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سال 2020 کا دوسرا اجلاس بدھ کے روز ویڈیولنک پرمنعقد ہوا۔
اجلاس میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور ہائی پرفارمنس سنٹرکے کوچز کی تعیناتی اور اس کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اجلاس میں چیئرمین کرکٹ کمیٹی نےکوچز کی کارکردگی جانچنے کے لیےقواعد و ضوابط تیارکرنے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بنانےپر اتفاق کیا ہے۔
ذیلی کمیٹی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔اجلاس میں ڈومیسٹک سیزن 2020-21 میں ڈیپارٹمنٹس کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ کمیٹی اس حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے گی جو مزید غور کے لیے پی سی بی حکام کو بھجوائی جائیں گی۔
کرکٹ کمیٹی کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی تقرری کے حوالےسے بھی آگا ہ کیا گیا۔ اس دوران ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نےخصوصی درخواست پر کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کو قومی کرکٹ ٹیم کے سنٹرل کنٹریکٹ برائے سال 2020-21 کی فہرست، ویمنز کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی۔
سربراہ کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ سہ ماہی اجلاس کا مقصد متعلقہ شعبوں کے امور پر تبادلہ خیال کرنے اور اس حوالے سے اراکین کی رائے جاننا تھا، سیزن 2020-21 میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی شرکت کے حوالےسےکام جاری ہے، کمیٹی جلد اپنی سفارشات تیار کرکے انتظامیہ کو بھجوادے گی۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی نے مجموعی طور پر قومی کرکٹ ٹیم کے سنٹرل کنٹریکٹ برائے 2020-21 کی فہرست پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ایمرجنگ پلیئرز کٹیگری اور ڈومیسٹک میں ایلیٹ کٹیگری کی تشکیل نے کمیٹی کو متاثر کیا ہے۔