اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی پلان اہداف حاصل نہ کیا جا سکا، رواں مالی سال کے اقتصادی سروے کے اعداد و شمار دنیا نیوز نے حاصل کر لیے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایگریکلچر، لارج مینوفیکچرر، برآمدات و دیگر شعبوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، رواں مالی سال کے دوران لارج مینوفیکچرر 3.03 فیصد میں تنزلی دیکھی گئی۔
دستاویز کے مطابق چاول کی پیداوار 0.12 فیصد کمی دیکھی گئی، چاول کی مجموعی پیداوار 72 لاکھ 60 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے۔ رواں مالی سال کپاس کی پیداوار میں 4.14 فیصد کمی دیکھی گئی، کپاس کی پیداوار 94 لاکھ 53 ہزار گانٹھ تک محدود ہو گئی۔
مکئی کی پیداوار میں ایک سال کے دوران 3.11 فیصد تنزلی دیکھی گئی، مکئی کی پیداوار 68 لاکھ ٹن سے کم ہو کر 66 لاکھ ٹن رہنے کا امکان ہے، آلو کی پیداور 9.6 فیصد کمی کے ساتھ 44 لاکھ ٹن رہی، گندم کی پیداوار میں 2.27 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، گندم کی پیداوار 2 کروڑ 49 لاکھ میٹرک ٹن رہنے کا امکان ہے۔ گندم کی 2 کروڑ 70 لاکھ ٹن پیداوار کا ہدف حاصل نہ ہوسکے گا۔
گنے کی پیداوار میں صرف 0.75 فیصد اضافہ دیکھا گیا، پیداوار 6 کروڑ 76 لاکھ میٹرک ٹن رہنے کا امکان ہے، پیاز کی پیداوار 6 فیصد اضافہ کے ساتھ 22 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی، گزشتہ مالی سال کے دوران سال پیاز 20 لاکھ 76 ہزار ٹن تھی، برآمدات میں 4 فیصد اور درآمدات میں 16.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔