ترقیاتی کاموں میں تیزی، بجٹ کا 80 فیصد حصہ جاری کردیا گیا

Last Updated On 18 May,2020 04:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترقیاتی کاموں میں تیزی آگئی، پلاننگ کمیشن کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک ترقیاتی بجٹ کا 80 فیصد حصہ جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی بڑھ گئی، رواں مالی سال ترقیاتی کاموں کے لئے مختص 701 ارب روپے میں سے حکومت اب تک 562 ارب روپے کی رقم جاری کرچکی ہے۔

پلاننگ کمیشن کے مطابق یکم جولائی 2019 سے 16 مئی کے دوران نیشنل ہائی وے اور سٹرکوں کی تعمیر کے لئے 167 ارب روپے، پانی کے مںصوبوں کے لئے 73 ارب روپے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لئے 43 ارب روپے جاری کیے گئے۔

پلاننگ کمیشن کے مطابق سیکیورٹی کے لئے 50 ارب روپے، اعلیٰ تعلیم کے لئے 28 ارب روپے، توانائی کے منصوبوں کے لئے 18 ارب روپے اور ریلوے ڈویژن کے لئے 8 ارب 60 کروڑ روپے کی رقم جاری کی گئی۔