سندھ حکومت کا شاپنگ پلازہ اور مارکیٹس کیلئے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 18 May,2020 03:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے شاپنگ پلازہ اور مارکیٹس کیلئے پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عدالت عظمی کے تحریری احکامات پر عمل کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق سندھ بھر میں مارکیٹوں کے نئے اوقات کار جلد جاری ہونے کا امکان ہے، شاپنگ پلازہ بھی ایس او پی کے تحت کاروبار کریں گے۔

اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے پابند ہیں، ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں کھولیں گے، خواتین بچوں کو بھی مارکیٹ میں ساتھ لا رہی ہیں جس پر تشویش ہے۔

خیال رہے سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کے تمام بڑے شاپنگ مالز کیساتھ چھوٹی مارکیٹیں بھی کھلی رکھنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیا کورونا وائرس ہفتے اور اتوار کو کہیں چلا جاتا ہے، چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مر جائیں۔

چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے، عوام حکومت کے غلام نہیں۔ عدالتی استفسار پر ایڈووکیٹ جنرلز سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ نے شاپنگ مالز بارے پالیسی بتائی تو جسٹس مظہر عالم نے کہا کہ باقی مارکیٹیں کھلی ہوں گی تو ساپنگ مالز بند کرنے کا کیا جواز ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 4679 ٹیسٹ کیے گئے، وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں کی تعداد 280 ہوگئی جبکہ 24 گھنٹوں میں 864 مزید کیسز رپورٹ ہوئے، 136 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 29 وینٹی لیٹرز پر ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 280 مریض صحتیاب ہوئے، صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4489 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کر دی۔ انہوں نے کہا عوام خود کو بھی کرونا سے بچائیں اور دوسروں کو بھی کرونا سے بچانے میں مدد کریں۔

 

Advertisement