حکومت نے ایل پی جی مزید مہنگی کر دی، نئی قیمت 114 روپے کلو مقرر

Last Updated On 01 July,2020 03:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایل پی جی کی قیمت چار روپے فی کلو اضافے کے ساتھ نئی قیمت 114 روپے مقرر کر دی گئی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے پالیسی کا از سرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کر دیا۔

عوام پر یکے بعد دیگرے مہنگائی کا بوجھ بڑھنے لگا، پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی ہو گئی۔ 4 روپے فی کلو اضافہ سے ایل پی جی کی نئی قیمت 114 روپے مقرر کردی گئی، اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 47 روپے اضافہ ہو گیا۔ سلنڈر کی نئی قیمت 1345 روپے ہو گئی۔ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 180 روپے کا اضافہ ہوا۔ اس اضافے سے یہ سلنڈر 5175 روپے کا ہو گیا۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں 8 روز میں 3 بار اضافہ کیا گیا۔ 23 جون کو 10 روپے، 27 جون کو 5 روپے اور اب ایک بار پھر 30جون کو 4 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

قیمتوں میں بار بار اضافہ سے شہریوں نے سرپکڑ لیے۔ کہتے ہیں انتظامیہ مہنگائی کو قابو کرنے میں ناکام ہو چکی۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس جی سی(SSGC) کمپنی کے بورڈ کو تحلیل کرکے تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔ وزیراعظم اور وزارت پٹرولیم ایل پی جی کی قیمت کم رکھنے کے لیے پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیں۔

ادھر اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت 54372 سے بڑھ کر 57757 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمت 340 ڈالر سے بڑھ کر550 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ سوئی سدرن کا جامشورو جوائنٹ وینچر سے پروسیسنگ معاہدہ ختم ہونے سے بھی قیمتوں پراثر پڑا ہے، معاہدہ ختم ہونے سے گیس کی طلب اور رسد میں 300 میٹرک ٹن یومیہ کا فرق سامنے آیا ہے۔