لاہور: (ویب ڈیسک) سوزوکی پاکستان نے اپنی تمام نئی آلٹو وی ایکس گاڑیوں کی قیمت میں 63 ہزار روپے اضافہ کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق پہلے سے بک کروائی گئی گاڑیوں پر نہیں ہو گا۔
مذکورہ گاڑی کی گزشتہ برس ریلیز پر قیمت 11 لاکھ ایک ہزار روپے تھی جو اس سے زیادہ سہولتوں سے آراستہ گاڑی پرنس پرل سے 50 ہزار روپے زائد تھی، اگرچہ پرنس پرل کی قیمت بھی بڑھائی گئی اس کے باوجود وہ آلٹو وی ایکس سے کم رہی تھی۔ بعد ازاں بھی سوزوکی پاکستان کی آلٹو وی ایکس قیمت میں اضافہ ہوتا رہا جو بڑھتے بڑھتے 11 لاکھ 35 ہزار تک پہنچ گیا۔
سوزوکی آلٹو وی ایکس کی قیمت میں حالیہ 63 ہزار روپے کا اضافہ 660 سی سی کاروں کیلئے پہلے ہی کافی زیادہ ہے جس کے بعد اس کی اب قیمت 11 لاکھ 98 ہزار تک پہنچ گئی ہے، اس پر مستزاد یہ کہ بڑھائی گئی قیمت میں ٹیکس بھی شامل نہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گاڑی کی کل قیمت 12 لاکھ تک جا پہنچے گی۔ سوزوکی پاکستان کی جانب سے ڈیلرز کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آلٹو وی ایکس کی نئی قیمت 7 جولائی 2020 سے وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے آلٹو وی ایکس کی قیمت میں حالیہ اضافہ سوزوکی موٹرسائیکلوں کی قیمتیں بڑھانے کے فوری بعد کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بجٹ 2020 کے بعد ٹویوٹا، ریگل موٹرز، یاماہا اور ہونڈا سمیت آٹو کمپنیوں نے کچھ روز قبل ہی اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی تھیں۔