سٹاک مارکیٹ: گیارہویں کاروباری سیشنز میں بھی تیزی، انڈیکس 48.23 پوائنٹس بڑھ گیا

Last Updated On 10 July,2020 04:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل گیارہویں کاروباری سیشنز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 48.23 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شرح سود میں کمی اور سرمایہ کاروں کو ممکنہ طور پر ملنے والی سہولیات کے باعث سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ 11 کاروباری سیشنز کے دوران تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے، گزشتہ ہفتے ہونے والے سٹاک ایکسچینج پر حملے بھی سرمایہ کاروں کے حوصلے پست نہ کر سکے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران کاروبار میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، پورے کاروباری روز کے دوران سرمایہ کار محتاط انداز میں ٹریڈنگ کرتے رہے۔

آخری کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 48.23 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 36 ہزار 190 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

کاروبار میں 0.13 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی اور 18 کروڑ 99 لاکھ 86 ہزار 463 شیئرز کا لین دین ہوا۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس 151.39 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 35202.77 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

دوسرے کاروباری روز کے دوران 170.58 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 353733.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا تھا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کے دوران بھی 321.54 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 35694.89 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہواتھا۔

رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 447.28 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 36 ہزار 142 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ پورے ہفتے تیزی دیکھنے کو ملی تھی پہلے کاروباری روز دہشتگردوں نے سٹاک مارکیٹ پر حملہ کیا تھا، تاہم یہ حملے بھی سرمایہ کاروں کے حوصلے پست نہ کر سکے، 100 انڈیکس میں 242.31 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی اور انڈیکس 34181.80 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

دوسرے کاروباری روز کے دوران کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے سٹاک مارکیٹ کا دورہ کیا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ، دوسرے کاروباری روز بھی انڈیکس میں مارکیٹ 240 پوائنٹس اضافہ سے 34 ہزار 421 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

تیسرے روز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، 100 انڈیکس 485.27 پوائنٹس بڑھ گیا تھا جس کے بعد 34907.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

چوتھے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا تاہم حصص مارکیٹ کا اختتام 88.77 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34978.18 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پانچویں کاروباری روز کے دوران مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی ملی، اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر دیکھنے کو ملا جس کے بعد انڈیکس 73.20 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 35 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 35051.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج دہشت گردوں کے ناکام حملے کے بعد مسلسل مثبت زون میں ہے ، 10روز میں اسٹاک مارکیٹ کا 100انڈیکس 7عشاریہ 2 صد یعنی 2ہزار پوائنٹس اضافے سے 36ہزار پوائنٹس کو عبور کرچکا ہے۔

مارکیٹ میں جنوری 2018کے بعد پہلی بار دس روز کا مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ تیزی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی تیسری بڑی مارکیٹ بن گئی ہے ، کاروباری حجم 6ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔