چین کا کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان کی امداد جاری رکھنے کا اعادہ

Last Updated On 10 July,2020 09:13 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) پاکستان کے دیرینہ دوست اور ہمسایہ ملک چین نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اس کی امداد جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے معمول کی بریفنگ میں کہا کہ چین مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد اور تعاون کو فراموش نہیں کر سکتا۔

 

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان سدابہار سٹریٹجک شراکت دار اور مضبوط دوستی کے بندھن میں منسلک ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ 

ترجمان نے کہا کہ چین دونوں ملکوں اور عالمی سطح پر عوامی صحت کے تحفظ اور دونوں ملکوں کے مشترکہ مستقبل کے پیش نظر عوامی روابط کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

دوسری جانب چینی کے سفیر یاؤ ژنگ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کےلیے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ ایمرجنگ پالیسی میکنگ انسٹی ٹیوٹ زیر اہتمام کورونا کے دوران سی پیک اور چائنا گلوبل لیڈرشپ کے موضوع پر سیمینار ہوا جس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ایک میگا پراجیکٹ ہے اور اس سے خطے میں امن اور خوشحالی کا نیا دور آئے گا۔

سفیر یاؤ ژنگ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے چین عالمی برادری کے شانہ بشانہ رہا۔ یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام مل کر کورونا کو شکست دیں گے۔