لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ پر پارک اور تفریحی مقامات پر بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس میں عید پر سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
تفصیل کے مطبق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے ایام میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اور انتظامی عملے کو آنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم طلبہ اور اساتذہ نہیں آ سکیں گے۔ سکول کھولنے سے پہلے محکمہ سکول ایجوکیشن ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا۔
اجلاس میں سکولوں کو دو شفٹوں میں چلانے پر بھی غور کیا گیا۔ ہر شفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔ سکولوں میں ہینڈ واش، ماسک اور دیگر ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اپوائمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت پراپرٹی، پروفشنل ٹیکس اور ایکسائز پرمنٹ کے اجرا کی اجازت دی جائے گی۔
اس کے علاوہ پنجاب میں ڈینگی سرویلنس نہ کرنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس کو بریف کیا گیا کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 6 شہروں میں مخصوص تعداد سے زیادہ کورونا مریض آنے پر عارضی لاک ڈاؤن کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔