اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف اتحاد کو مضبوط کرنے کے لئے ایک مرتبہ پھر میدان میں آگئے ہیں۔ اس سلسلے میں ان کی اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور ٹیلیفونک رابطے شروع ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری سے ڈیڑھ گھنٹہ طویل ملاقات کی اور حکومتی اتحادی چودھری شجاعت حسین سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں جبکہ (ن) لیگی رہنماؤں سے بھی جے یو آئی سربراہ کے رابطے ہیں۔ ان رابطوں میں حکومت مخالف اتحاد کو مضبوط کرنے اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر مشاورت کی گئی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق دوران گفتگو چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان کو گجرات گھر پر آنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد اہم ملاقات متوقع ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو سے کراچی میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی۔ اپوزیشن جماعتوں اور حکومتی اہم اتحادیوں سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔