کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ قربانی کے ڈیڑھ لاکھ جانور فروخت کے لیے سپرہائی وے پہنچ گئے۔ عید الاضحیٰ کے لیے پشاور میں بھی مویشی منڈیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، حکومت کی جانب سے منڈیوں کیلئے ایس او پیز بھی جاری کردیئے گئے۔
کراچی کی سپر ہائی وے پر میلہ سج گیا، ایشیاء کی سب سے بڑی منڈی پوری آب وتاب سے جگمگانے لگی۔ لاک ڈاؤن کے ستائے شہریوں نے بھی ساری احتیاطیں بالائے طاق رکھ دیں، سارے ایس او پیز بھلا ڈالے جس پر انتظامیہ نے بھی سر پکڑ لیا۔ مویشی منڈی کے میڈیا کوآرڈینیٹر کہتےہیں بے احتیاطی خود شہریوں کےلیے بیماری کا سبب بن سکتی ہے، اب تک ڈیڑھ لاکھ قربانی کے جانور فروخت کے لیے مویشی منڈی پہنچائے گئے ہیں لیکن خریدار کم نظر آتے ہیں۔
منڈی آنے والوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی قیمتیں زیادہ ہیں، مزید جانور منڈی پہنچیں گے تو قیمت کم ہونے کی امید ہے۔ بیوپاری بھی مہنگائی سے نالاں دکھائی دیتے ہیں، کہتے ہیں منڈی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں جانور کم ہیں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ انتظامیہ مویشی منڈی کے مطابق مویشی منڈی میں خالی پلاٹس اور اسٹالز کی بکنگ ہوچکی ہے، آئندہ ہفتے تک ملک بھر سے بڑی تعداد میں جانور لائے جائیں گے۔
عید الاضحیٰ کے لیے پشاورمیں بھی مویشی منڈیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی، معاون خصوصی بلدیات کہتے ہیں رجسٹریشن کے بغیر مویشی منڈی کی اجازت نہیں۔ حکومت کی جانب سے شہری علاقوں میں مویشی منڈیوں پر پابندی عائد ہیں، رش کو کم رکھنے کیلئے شہر سے باہرچھوٹی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، منڈیوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سینی ٹائزرواک تھرو گیٹ نصب کرنے سمیت ماسک اوراسپرے کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی بلدیات کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں صفائی اور احکامات پر عملدرآمد کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی بغیر رجسٹریشن کے کوئی منڈی نہیں لگائی جائے گی، مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے بزرگوں اور بچوں کی آمد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔